31 جنوری 2015 - 13:33
مصری افواج پر حملے کرنے والے دہشت گرد اسرائیل کی مدد کر رہے ہیں

ایران کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف کا کہنا ہے کہ مصر کے جزیرۂ نما سینا میں جو دہشت گرد مصری فوجیوں پر حملے کر رہے ہیں در اصل وہ اسرائیل کی مدد کر رہے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق سنیچر کے روز میجر جنرل حسن فیروزآبادی نے کہا کہ جو دہشت گرد جان بوجھ کر یا انجانے میں صحرائے سینا میں مصری فوج کو ہدف بنا رہے ہیں اور فوجیوں کو قتل کر رہے ہیں وہ غاصب صیہونی حکومت کی مدد کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ جمعہ کو ایرانی وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں جزیرۂ نما سینا میں مصری فوجیوں پر ہوئے حالیہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے خطے کے ممالک سے دہشت گردی کے خلاف متحد ہو جانے کا مطالبہ کیا تھا۔

وزارت خارجہ کی ترجمان مرضیہ افخم نے کہا کہ یہ دہشت گرد گروہ مسلم ممالک کو مصنوعی مسائل میں الجھائے رکھنا چاہتے ہیں تاکہ مسلمان عالم اسلام کے سب سے بڑے مسئلہ فلسطین سے غافل رہیں۔

جمعہ کو صحرائے سینا میں کم از کم دو بچوں کی موت ہو گئی جب کہ اس سے ایک روز قبل دہشت گردانہ حملوں میں 44 افراد جاں بحق ہو گئے تھے، جس میں اکثریت مصری سیکورٹی فورسز کی تھی۔

.......

/169